قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بھی بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ ایکشن کی حمایت کر دی

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بھی بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ ایکشن کی حمایت کر دی


قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بھی بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ ایکشن کی …

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ ایکشن کی حمایت بڑھنے لگی ہے اور قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ حفاظتی تدابیر پرکوئی سمجھوتہ کئے بغیر میچزکا منصوبہ قابل عمل ہو گا، ابھی نہیں تو بتدریج کھیلوں کی بحالی کا سفرشروع کیاجاسکتا ہے،بنگلہ دیش سے سیریز مکمل ہونے کا پاکستان کو فائدہ ہوتا،حالات بہتر ہونے پر انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اظہر علی نے کہا کہ بند دروازوں میں تماشائیوں کے بغیر میچ کرانے میں کوئی مضائقہ نہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال سب کیلئے ہی بہت مشکل ہے،اگر حفاظتی تدابیر پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر تمام ضروری انتظامات کرکے میچز کرائے جائیں تو یہ ایک اچھا قدم ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپین شپ کو مکمل کرنے کیلئے فائنل کی تاریخ آگے بڑھائی جا سکتی ہے، طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنے اہداف کی جانب گامزن ہیں اور کورونا وائرس کے باعث کھیل میں طویل وقفے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا ازالہ پریکٹس میچز کھیل کر کریں گے۔

انہوں نے دورہ انگلینڈ سمیت پاکستان کے آئندہ ٹیسٹ میچز پر خدشات کے بادل ہونے کے سوال پر نے کہا کہ گرین کیپس کو سال میں بڑی مشکل سے8 کے قریب ٹیسٹ ملتے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان میں مزید کمی نہ ہو، دعا ہے کہ جتنا نقصان ہوچکا اس سے زیادہ نہ ہو، کرکٹ دوبارہ جلد سے جلد بحال ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز مکمل ہوتی تو ہمیں مزید بہت فائدہ ہوتا،اب دورہ انگلینڈ کیلئے حالات بہتر ہونے کا انتظار ہے، وہاں ہم گزشتہ برسوں میں بھی اچھی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں، ہمارے پاس بہترین کمبی نیشن ہے، فاسٹ باﺅلرز کے ساتھ سپنر یاسر شاہ حریف ٹیم کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی اچھی سیریز ہوگی، دعا کریں کہ انعقاد ممکن ہو سکے۔ ہم امید کرسکتے ہیں کہ وقت ضائع ہونے کے باوجود حالات بہتر ہونے پر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز مکمل ہوسکیں گے، سب کو برابر کے مواقع ملنا چاہیں، اگر میچز مکمل نہیں ہوپاتے تو فائنل کی تاریخ آگے بڑھا دی جائے۔

مزید : کھیل



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے