”محمد عامر اور وہاب ریاض نے پاکستان کو نقصان پہنچایا اور۔۔۔“ وقار یونس پھٹ پڑے

”محمد عامر اور وہاب ریاض نے پاکستان کو نقصان پہنچایا اور۔۔۔“ وقار یونس پھٹ پڑے


”محمد عامر اور وہاب ریاض نے پاکستان کو نقصان پہنچایا اور۔۔۔“ وقار یونس پھٹ …

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس کا فاسٹ باﺅلرز محمد عامر اور وہاب ریاض پر غصہ ٹھنڈا نہیں ہو سکا اور وہ آج بھی دونوں کی ٹیسٹ کرکٹ سے اچانک علیحدگی پر خاصے رنجیدہ ہیں جن کا کہنا ہے کہ کسی کو زبردست کھیلنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔

تفصیلات کے مطابق وقار یونس نے کہا کہ دونوں فاسٹ باﺅلرز کے فیصلے سے پاکستان کا نقصان ہوا اور آسٹریلیا میں ہمیں ناتجربہ کار نوجوان فاسٹ باﺅلرز پر انحصار کرنا پڑا، یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی موجودگی میں ہم لازمی طور پر آسٹریلیا میں جیت جاتے لیکن کارکردگی کافی بہتر ہو سکتی تھی، اب نئے ٹیلنٹ پر مشتمل پول تیار کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ آئندہ اس طرح کی مشکلات پیش نہ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی پالیسی ہونا چاہیے تاکہ کسی کھلاڑی کی اچانک عدم دستیابی کے بعد مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے،ٹی 20 لیگز میں پیسہ اور کشش ہے لیکن ملک کی ضرورت مقدم ہونا چاہئے۔

مسلسل ناقص کارکردگی کے باوجود محمد عامر کو لاڈلا بنائے رکھنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرے لاڈ پیار سے قبل ہی فاسٹ باﺅلر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی، کسی بھی کھلاڑی کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا ہے، بہرحال محمد عامر اب بھی ایک میچ ونر اور محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کیلئے اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

مزید : کھیل



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے