وہ ملک جہاں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود عام انتخابات جاری ہیں

وہ ملک جہاں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود عام انتخابات جاری ہیں


وہ ملک جہاں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود عام انتخابات جاری ہیں

سیول(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیا کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کا شکار ہے اور لوگوں کو ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی جارہی ہے وہیں ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں اس وقت قومی اسمبلی کیلئے عام انتخابات ہورہے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق عالمی وبا کے دوران جنوبی کوریا میں عام انتخابات کا انعقاد کیاگیا ہے، شہری ماسک اور دستانے پہن کر ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ اسٹیشنز میں جارہے ہیں تاکہ ووٹنگ کے دورن وہ اس مرض سے خود کو بچاسکیں۔

جنوبی کوریا کے انتخابی محکمے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ووٹ ڈالنے کیلئے ماسک اور دستانے لازمی ہیں پولنگ سٹیشن میں داخلے سے قبل سکریننگ کروانااورپولنگ اسٹیشنز کے باہر لگی قطاروں میں  ایک میٹر کا فاصلہ رکھنا لازم ہے۔  اس کے علاوہ ایسے مریض جن کا درجہ حرارت 37 سے زیادہ ہوگا ان کیلئے مخصوص کلینکس مٰیں پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق اس وقت ملک بھر کی تین سو نشستوں پر مقابلے ہورہے ہیں جن کیلئے پینتیس سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اصل مقابلہ ملک کی حکمران جماعت منجو(ڈیموکریٹک) پارٹی اور اپوزیشن جماعت کنزرویٹو   یونائٹڈ فیوچر پارٹی کے درمیان ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی کوریامیں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلا تھا اور کئی قیمتی جانیں نگل گیاتھا تاہم حکومتی اقدامات نے اب اس کے پھیلاو کو محدود کردیا ہے۔

ملک میں متاثرین کی تعداد اب بتدریج کم ہو رہی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق مسلسل تیسرے دن 30 سے کم نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔

منگل کو ملک میں 27 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جس سے کل متاثرین کی تعداد 10591 ہوگئی ہے۔

جنوبی کوریا میں اس موذی وائرس کی وجہ سے اب تک 222افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں کبھی بھی کسی بھی وجہ سے عام انتخابات ملتوی نہیں ہوئے، حتیٰ کہ 1952کی کورین جنگ میں بھی ملک میں عام صدارتی انتخابات کاانعقاد ہوا تھا۔

مزید : بین الاقوامی /کورونا وائرس



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے