”ٹرافی جیتی جاتی ہے، دی نہیں جاتی“ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے شاہد آفریدی سمیت ملتان سلطانز کے تمام کھلاڑیوں کو زوردار جھٹکا دیدیا

”ٹرافی جیتی جاتی ہے، دی نہیں جاتی“ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے شاہد آفریدی سمیت ملتان سلطانز کے تمام کھلاڑیوں کو زوردار جھٹکا دیدیا


”ٹرافی جیتی جاتی ہے، دی نہیں جاتی“ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے شاہد …

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے بقیہ میچز کے حوالے سے ملتان سلطانز کا موقف بھی تبدیل ہونے لگا ہے جس کے مالک علی ترین کا کہنا ہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ہم نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم نے ٹائٹل جیت لیا، ٹرافیز جیتی جاتی ہیں، دی نہیں جاتیں۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے فرنچائزز کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز نومبر، دسمبر میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا البتہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانز نے موقف اختیار کیا کہ پلیئنگ کنڈیشنز کے تحت اسے فاتح قرار دینا چاہیے۔ پی سی بی نے گزشتہ روز میٹنگ کے منٹس تمام ٹیموں کو ارسال کئے جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے اس کے بعد ای میل میں واضح کر دیا گیا کہ اسے ایونٹ ری شیڈول کرنے پر اعتراض ہے، چونکہ لیگ میچز میں اس نے سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کئے، لہٰذا چیمپین قرار پانا اسی کا حق ہے۔اس سے قبل ٹیم اونر عالمگیر ترین بھی ناک آﺅٹ میچز کے انعقاد کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہہ چکے کہ عملی طور پر ایسا ممکن نہیں ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ روز ہی ملتان سلطانز کے شریک مالک علی ترین نے سوشل میڈیا پر بالکل مختلف موقف اپناتے ہوئے اپنی ہی ٹیم کے کوچز اور شاہد آفریدی سمیت تمام کھلاڑیوں کو زوردار جھٹکا دیدیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ” ہم تسلسل سے عمدہ کھیل پیش کرنے والی سب سے مضبوط ٹیم ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سے یہ صاف ظاہر ہوگیا، مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم نے ٹائٹل جیت لیا۔ پی سی بی کی جانب سے ہمیں ٹرافی دینا مضحکہ خیز ہوگا، تمام چاروں ٹیموں کے پاس فتح کا موقع ہے، ٹرافیز جیتی جاتی ہیں دی نہیں جاتیں۔“

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ”میں ہمیشہ یہی کہتا ہوں کہ ٹرافیز اہم نہیں، پلیئرز ڈویلپمنٹ اور انہیں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا زیادہ خاص ہے، اسی لئے میں چاہتا ہوں کہ رواں برس بقیہ میچز کا انعقاد ہو، اس سے ہمارے مقامی کھلاڑیوں کو صلاحیتیں نکھارنے اور کارکردگی دکھانے کے مزید مواقع ملیں۔“

ذرائع نے بتایا کہ علی ترین کے اس بیان پر تمام فرنچائزز بھی بے حد حیران ہیں جن کا کہنا تھا کہ اگر پی سی بی کی بات مان ہی لینی تھی تو میٹنگ میں مخالفت اور بعد میں ای میل کے ذریعے تجاویز کو مسترد کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ بہرحال ملتان سلطانز ہی دوبارہ میچز نہ کرانے کی مخالفت کرنے والی واحد فرنچائز تھی جس کے مالک کا موقف تبدیل ہونے کے بعد اب قوی امکانات ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے فاتح کا فیصلہ میدان میں ہی ہو گا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہد خان آفریدی نے مطالبہ کیا تھا کہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی ملتان سلطانز کو فاتح قرار دیدیا جائے جبکہ سابق لیگ سپنر اور ملتان سلطانز کے کوچنگ پینل میں شامل مشتاق احمد نے بھی ایسا ہی مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹورنامنٹ ختم کر دینا چاہئے اور اگلے برس نئے سیزن کا آغاز کیا جائے۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے