ٹرمپ کی بھارت کو ادویات نہ بھیجنے پر جوابی کارروائی کی دھمکی،انڈیا کا ردعمل بھی آگیا

ٹرمپ کی بھارت کو ادویات نہ بھیجنے پر جوابی کارروائی کی دھمکی،انڈیا کا ردعمل بھی آگیا


ٹرمپ کی بھارت کو ادویات نہ بھیجنے پر جوابی کارروائی کی دھمکی،انڈیا کا ردعمل …

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہائیڈروکلوروکین نہ بھجوانے پر بھارت کو جوابی کارروائی کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد اب بھارت کا ردعمل بھی آگیاہے۔

برطانوی خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق بھارت کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ  وہ ہائیڈرو کلوروکین کی کچھ مقدار امریکا کو برآمدکرے گا۔ہائیڈروکلوروکین کو کورونا وائرس کیخلاف موثر دوا قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل بھارتی حکومت نے ہائیڈروکلوروکین کے ساتھ ساتھ پیراسٹامول کی برآمد پر پابندی عائد کردی تھی اور کہا تھا کہ یہ دوا اس کے اپنے ملک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ناکافی ہے لیکن امریکی صدر ٹرمپ کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلی فون کال اور بعد ازاں امریکا کی جانب سے جوابی کارروائی کی دھمکی کے بعد بھارت امریکا کو ادویات فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شواستوا کا کہنا ہے کہ بھارت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ پیراسٹاومول اور ہائیڈروکلوروکین کو بیرون ملک برآمد کی اجازت دے گا۔ ان تمام ہمسائیہ ممالک کو بھی مناسب مقدار میں ادویات برآمد کی جائیں گی جو بھارت پر انحصار کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں جو ممالک بری طرح متاثر ہیں انہیں بھی یہ ادویات برآمد کی جائیں گی۔

 دوسری جانب بھارتی اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی بھی ادویات کی برآمد پر پابندی ہٹانےپر میدان میں آگئے ہیں کانگریس لیڈر نے کہا کہ انڈیا کو تمام ممالک کی ضرورت کے وقت مدد کرنی چاہیے لیکن پہلی ترجیح  بھارتیوں کو دینی ہوگی۔

  

واضح رہے بی بی سی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ انڈیا کے خلاف جوابی کارروائی کرے گا اگر اس نے ہائڈروکسی کلوروکوین دوا کی کھیپ امریکہ کو نہ بھیجی۔

صدر ٹرمپ اس دوا کو پہلے ہی کووڈ 19 کے خلاف لڑائی میں ’گیم چینجر‘ قرار دے چکے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے انڈیا کی جانب سے اس دوا کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے اگلے ہی روز وزیرِ اعظم نریندر مودی کو کال کی تھی۔ انڈیا ہائڈروکسی کلوروکوین خاصی بڑی تعداد میں بناتا ہے۔

انھوں نے پیر کے روز وائٹ ہاوس بریفنگ میں کہا کہ ’میں نے ان سے کہا کہ مجھے خوشی ہو گی اگر آپ اس دوا کی سپلائی ہمیں کریں۔ اگر وہ نہیں کرتے، تو پھر بھی صحیح ہے، لیکن ظاہر ہے اس کے بعد جوابی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔‘

ہائیڈروکسی کلوررکوین دراصل کلوروکوین سے ملتی جلتی ہے جو ملیریا کے خلاف استعمال کی جانے والی سب سے مؤثر اور قدیم دوا ہے۔

خیال رہےجان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں کورونا وائرس سے 1150 اموات ہوئی ہیں، جو کہ اب تک کسی بھی ملک میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 10783 ہو گئی ہے جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 367000 ہے جبکہ اب تک 19600 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں 30 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

خیال رہے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 74807 ہوگئی ہے۔

مزید : بین الاقوامی /کورونا وائرس



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے