پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کردیا

mobile logo


پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کردیا

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ 5لاکھ 36 ہزار 500 روپے کی رقم عطیہ کردی ، یہ رقم کورونا وائرس کی وباءسے نمٹنے کے لیے خرچ کی جائے گی۔پی سی بی نے 25 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی اور پی سی بی کے ملازمین اپنی تنخواہوں میں سے ایک مخصوص حصہ فنڈ میں عطیہ کریں گے جبکہ بطور ادارہ پی سی بی نے بھی ملازمین کی جانب سے عطیہ کی جانے والی کل رقم کے برابر امداد عطیہ کی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ تمام سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں اور پی سی بی کے ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے وباءسے نمٹنے کے لیے قائم کردہ وزیراعظم کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں فراخدلی سے عطیات دئیے۔انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ایک بار پھر واضح ہوتا ہے کہ کرکٹ نے عملی طور پر اپنے فینز، سپورٹرز اور فالوورز کی عزت، احترام اور دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم اپنے پیرا میڈیکس اور اس وباءسے نمٹنے والے صف اول کے دیگر جنگجوﺅں کے لیے دعاگو ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ حکومت اس وباءپر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گی۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک سرگرم ادارے کی حیثیت سے حکومت کے ساتھ تعاون کیا، پی سی بی نے اس وباءسے نمٹنے کے لیے عوام میں شعوری پیغامات بھی اجاگر کیے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے اب ایک قدم آگے بڑھ کر ایک بڑی رقم عطیہ کی ہے، یہ رقم ہمارے صف اول کے جنگجوؤں اور پسماندہ طبقات کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اجتماعی مقاصد کے اصول میں پی سی بی ایک برانڈ کی حیثیت سے تعاون جاری رکھے گا۔

مزید :

کھیل



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے