کوروناسے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ اورعالمی ادارے ترقی پذیرملکوں کی مدد کریں: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے عالمی مالیاتی اداروں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کوروناوائرس سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کریں اور انہیں قرضوں میں ریلیف دیں۔

وزیراعظم نے اپنے ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ،عالمی مالیاتی اداروں اور ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کہ ترقی پذیر ملکوں کو قرضوں پر ریلیف دیا جائے کیونکہ انہیں کورونا وائرس اور معیشت کے مسائل سےنمٹنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں عالمی برادری سے کورونا کے غیر معمولی چیلنج پر بات کرنا چاہتاہوں ،ترقی پذیر ملکوں کو فکر ہے غریب عوام کورونا کے علاوہ بھوک سے نہ مریں، ترقی پذیر ملکوں میں وسائل کی کمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ملکوں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھوک کے مسائل بھی ہیں،جو مسئلہ پاکستان کو درپیش ہے وہی مسئلہ ترقی پذیر ملکوں کو بھی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے عوام کے لیے 22 کھرب ڈالر کا ریلیف پیکج دیا ہے جب کہ جاپان بھی 10 کھرب ڈالر کا پیکج دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے مقابلے میں پاکستان میں ہم 8 ارب ڈالر تک کا پیکج فراہم کرسکے ہیں،ہمارے پاس دباؤ کے شکار ہیلتھ سیکٹر پر خرچ کرنے کے لیے رقم کی کمی ہے۔

عمران خان نے ترقی یافتہ ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ کورونا کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ عالمی سطح پر اس وبا کا مقابلہ کیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط بھی لکھیں گے جس میں ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری شیڈول کرنےکی اپیل کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث معاشی سرگرمیاں بھی مانند پڑگئی ہیں۔



install suchtv android app on google app store



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے