کورونا وائرس کے وار تیز، پاکستان میں متاثرہ افراد اور اموات میں اضافہ، امریکہ میں وبا قابو سے باہر

کورونا وائرس کے وار تیز، پاکستان میں متاثرہ افراد اور اموات میں اضافہ، امریکہ میں وبا قابو سے باہر


کورونا وائرس کے وار تیز، پاکستان میں متاثرہ افراد اور اموات میں اضافہ، …

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) کورونا وائرس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے قدم جما لیے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مریضوں اور اموات میں اضافہ ہو تا چلا جارہاہے تاہم پاکستان میں صورتحال کافی حد تک کنٹرول میں ہے جبکہ امریکہ میں وبا قابو سے باہر ہوتی چلی جارہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران2478 نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 284 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4601 ہو گئی ہے جبکہ چاراور افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور وائرس کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 66 ہو گئی ہے ۔ملک میں اب تک 54 ہزار 706 ٹیسٹ کر لیے گئے ہیں ۔

کورونا وائرس کے باعث 45 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ 727 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔

اس وقت سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز پنجاب میں ہیں جہاں تعداد 2279 ہو گئی ہے جبکہ سندھ میں 1128 ، کے پی کے میں 620 ، بلوچستان میں 219 ، گلگت بلتستان میں 215، اسلام آباد میں 107 اور آزاد کشمیر میں 33 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔

صوبہ سندھ میں اب تک 349 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں جبکہ پنجاب میں 39 ، خیبر پختون خواہ میں 128 ، اسلام آباد میں 10 ، گلگت بلتستان میں 111 ، بلوچستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض نے کورونا کوشکست دے دی ہے ۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات اس وقت تک خیبر پختون خواہ میں ہوئی ہیں جہاں تعداد 22 ہو گئی ہے ، سندھ میں 21 ، پنجاب میں 18 ، گلگت بلتستان میں تین، بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک ایک مریض وائرس کے باعث انتقال کر گیا ہے ۔

لاک ڈاﺅن

ملک کے مختلف شہروں میں کورونا سے بچاو کیلئے لاک ڈاون جاری ہے، پنجاب بھر میں جگہ جگہ فوج اور پولیس تعینات ہے، حکومت کی جانب سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی جا رہی ہیں۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی لاک ڈاون پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔اسلام آباد انتظامیہ نے 23 مارچ سے سیل بہارہ کہو اور شہزاد ٹاون کا 99 فیصد علاقہ کلیئر قرار دیتے ہوئے کھول دیا، متاثرہ مساجد اور محلقہ گلیاں بند رہیں گی۔

عالمی دنیا میں کورونا کی صورتحال

کورونا وائرس کا خوف اس وقت پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور مریضوں کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مہلک وبا کے باعث دنیا بھر میں 95 ہزار 735 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں تاہم 3 لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔

کوروناوائر س سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اس وقت امریکہ ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد چار لاکھ 66 ہزار 33 ہو گئی ہے اور اب تک 16 ہزار 690 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم 25 ہزار 988 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔

امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر سپین میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جہاں تعداد ایک لاکھ 53 ہز ار 222 ہو گئی ہے اور 15 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں تاہم 52 ہزار 165 افراد ٹھیک ہو کر گھروں کو بھی لوٹ گئے ہیں ۔

اٹلی نے کورونا وائرس کے کیسز پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے اور آہستہ آہستہ متاثرہ افراد میں کمی واقع ہوتی جارہی ہے ، اٹلی میں اب تک ایک لاکھ 43 ہزار افراد وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں تاہم جاں بحق افراد کی تعداد تمام ملکوں میں سب سے زیادہ ہے ، مجموعی طور پر اب تک 18 ہزار 279 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم 28 ہزار 470 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو بھی لوٹ گئے ہیں ۔

مزید : اہم خبریں /بین الاقوامی



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے