کورونا کے وار تیز، پاکستان میں ایک ہی دن میں 14 اموات، امریکہ میں حالات مزید خراب

کورونا کے وار تیز، پاکستان میں ایک ہی دن میں 14 اموات، امریکہ میں حالات مزید خراب


کورونا کے وار تیز، پاکستان میں ایک ہی دن میں 14 اموات، امریکہ میں حالات مزید …

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں اور تیزی کے ساتھ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 254 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔دوسری جانب کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ میں حالات بد سے بدتر ہوتے چلے جارہے ہیں اور وبا قابو سے باہر ہے، امریکہ میں ایک دن میں ایک ہزار سے زائد اموات یکارڈ کی گئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2805 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 254 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 38 ہو گئی ہے ۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث مزید 14 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اورانتقال کرنے والوں کی تعداد 86 ہو گئی ہے جبکہ 37 افراد کی حالت تشویشنا ک بتائی جارہی ہے جن کا علاج مختلف ہسپتالوں میں جاری ہے تاہم 1026 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو بھی لوٹ گئے ہیں ۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں اب تک 2425 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ اس کے بعد سندھ میں 1318افراد کورونا سے متاثر ہو ئے ہیں ۔خیبر پختون خواہ میں 697 ، بلوچستان میں 228 ، گلگت بلتستان میں 216 ، اسلام آباد میں 119 اور آزاد کشمیر میں 35 افراد میں وائر س کی تشخیص ہوئی ہے ۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 21 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ، سندھ میں 28 ، کے پی کے میں 31 ،گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان میں 2 ، اسلام آباد میں بیماری کے باعث ایک شخص کا انتقال ہو اہے ۔

کورونا کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں صحت یاب ہوئے ہیں جہاں تعداد 371 ہو گئی ہے ، پنجاب میں 258 ، کے پی کے میں 142 ، اسلام آباد میں 13 ، گلگت بلتستان میں 146 ، بلوچستان میں 95 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے بعد گھر کو لوٹ گیا ہے ۔

عالمی دنیا کی صورتحال

کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور اب تک 17 لاکھ 77 ہزار 666 لوگ وائرس کے باعث متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں ہیں ، پوری دنیا میں اب تک ایک لاکھ 8 ہزار 867 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم 4 لاکھ 4 ہزار 372 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ بن گیاہے جہاں اب تک پانچ لاکھ 29 ہزار 951 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 20 ہزار 608 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں تاہم 31 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ دوسرا ملک سپین ہے جہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور 16 ہزار 606 افراد موت کے آگے زندگی ہار گئے ہیں تاہم 59 ہزار سے زائد افراد کورونا کے خلاف جنگ جیت گئے ہیں ۔

اٹلی میں کورونا کے باعث سب سے زیادہ اموات ہو رہی تھیں تاہم اب وہاں پر کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے جبکہ امریکہ میں تیزی آئی ہے ، اٹلی میں ایک لاکھ 52 ہزار 271 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 19 ہزار 68 لوگ مہلک وبا کے باعث ہلاک ہو ئے ہیں تاہم 32 ہزار سے زائد صحب یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔

مزید : اہم خبریں /قومی



جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے