15 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کے متعلق کیا کرنا ہے؟ اسد عمر نے بتا دیا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر


وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کے لیے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بندشیں ختم کرنے کے حوالے سے فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں کورونا وائرس سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ‘کل نیشنل کمانڈ سسٹم کا ایک اجلاس ہوگا جس میں تجاویز پر غور ہوگا’۔

اسد عمر نے کہا کہ ‘نیشنل کمانڈ سینٹر کے اجلاس کے بعد کل دوپہر میں وزیراعظم کی صدارت میں این سی سی کا اجلاس ہوگا جس میں فیصلے کیے جائیں گے کہ 15 تاریخ سے آگے کیا کرنا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس اجلاس میں معیشت سے جڑے معاملات، آمد و رفت کے ذرائع اور صحت سے جڑے معاملات پر غور کیا جارہا ہے اور ان تمام چیزوں کو دیکھتے ہوئے مربوط انداز میں فیصلے کیے جائیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے اجلاس کو بتایا کہ ٹیسٹ کٹس اور کورونا کے علاج اور دفاع کے لیے ضروری اشیا کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر صوبوں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا’۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ‘کورونا کے باعث دیگر ممالک کی طرح ہمارے ہاں زیادہ اموات نہیں ہوئیں جس کی وجہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘کاروباری افراد کہہ رہے ہیں جو حفاظتی اقدامات کرنے ہیں ہمیں بتائیں تاکہ ہم اپنا کاروبار کھولیں تاہم اس حوالے سے فیصلہ کل ہوگا’۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کاروبار شروع ہوا تو تمام ذمہ داری بھی ان کی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ وبا کو پھیلنے سے روکنا ہے لیکن سب بند کرکے کوشش کریں گے تو جن ممالک میں تھوڑی سے رکاوٹ سے معاشی بوجھ پڑ رہا ہو وہاں مشکل ہوتا ہے اس لیے سوچ بچار سے فیصلے کرنا ہوں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ یہ بندشیں اس لیے ہیں کہ ایک آدمی سے دوسرے آدمی پھیلتا ہے لیکن سب کو ایک کمرے میں بند کرنا ممکن نہیں تاہم کوشش کی گئی ہے کہ فاصلہ رکھا جائے اسی لیے میدان اور شاپنگ مالزکو بند رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کم نقصان کے ساتھ لاک ڈاؤن جیسے فوائد حاصل کرسکتے ہیں جس کے لیے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت بڑھانا ہوگا اور اس پر زور دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹریکنگ پر بھی اچھا کام ہورہا ہے اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پائلٹ پروجیکٹ کی بات کی تھی وہ تمام صوبوں میں شروع کردیا گیا ہے جس کے نتائج اگلے 2 سے تین دن میں آئیں گے۔



install suchtv android app on google app store

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے